نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
وما ارسلنک الا رحمۃ للعالمین
مجھے 100 فیصد سے بھی زیادہ اس بات کے سچ ہونے کا یقین ہے غیبی بھی ہے اور آنکھوں دیکھا بھی اب دیکھیے نا میں ایک محفل میلاد میں شریک ہونے کے لیے آیا ہوں ۔ہم نے ساری محفل بڑی دلجمعی سے سنی ہے بڑے اچھے اور نیک لوگ ہیں جو ایسی محفلوں کا انعقاد کرتے ہیں اگرچہ اس معاشرے میں کچھ لوگ ان کو برا بھلا بھی کہتے ہیں کہ یہ بدعتی ہیں ، گمراہ ہیں سنت کے خلاف کرتے ہیں میرے محلے میں رانا صاحب بھی یہی کچھ کہتے ہیں ۔ محفل کے اختتام پر سلام پڑھا جائے گا اس کے بعد لنگر یا تبرک ملے گا ۔
اصل میں ہمارے معاشرے میں ایسے افراد بھی ہوتے ہیں جوبہت کم اچھا کھانا کھاتے ہیں اور بعض اوقات تو بھوکے یا ٹکڑے کھا کر بھی گزارہ کرنا پڑتا ہے ہمیں ایسی محفلیں بڑی ہی اچھی لگتی ہیں جہاں ایسے لوگوں کو کچھ کھانے پینے کو مل جاتا ہے یہ ہمارے آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی برکت ہے جو ان کے بعد بھی جاری ہے
اللہم صل علی محمد وعلی آل محمد ۔
ہما رے ابو کو قتل ہوئے 4 سال ہوگئے تھے بہت اچھے تھےابو ۔ ہمارے ابو جی کے دفتر میں ڈاکو آگئے تھے باورچی کے ساتھ ساتھ چوکیداری بھی کرتے تھے ا ن ڈاکوؤں نے ہمارے ابو ہم سے چھین لئے ہمارے گھر میں تو ابو کے آنے سے رونق آجاتی تھی ہر چہر ہ خوش ہوجاتا ابو کو دور سے آتے ہوئے دیکھتے تو بچوں کی طرح سب ایک دوسرے کو بتا تے اور چھت پر سے کھڑے ہوکر گلی میں دیکھتے کہ وہ ابو آرہے ہیں ۔ ہم نے تو کبھی ابو سے بچھڑ جانے کا سوچا بھی نہ تھا بہت محبت کرتے تھے اور ہم سب کے دوست تھے لوگوں کو رشک آتا تھا ہم سب کی محبت پر ۔ ہمیں انہوں نے کھانا سکھا یا ، اٹھنا بیٹھنا اور چلنا سکھایا ہاتھ پکڑ کر چلاتے سڑک پر کیسے چلنا ہے ، بھڑ میں کیا کرنا ہے، دوسروں سے کیسے ملنا ہے، ہمیں پڑھنا اور لکھنا بھی سکھایا اور سب سے بڑھ کر ہمیں دوسروں سے محبت کرنا سکھایا۔ ابوجی کے ہوتے ہوئے ہمیں تکلیف کا احساس نہ ہوا تھا ہم پر آنے والی تکلیفوں کو وہ آگے بڑھ کے لے لیتے تھے ان کے حصے میں جو کھانا آتا تھا وہ گھر لے آتے تھے وہ کھانا اچھا ہوتا تھا اس بہانے ہمیں عیاشی کا موقع ملتا رہتا تھا۔ اب ابو جی کے بعد ایسے لگتا ہے جیسے ہمارے سر پر چھت ہی نہیں ہے ابو جی سے ہم سب بہت پیار کرتے تھے ۔ اب ابو نہیں ہیں میری آنکھوں کے سامنے ہمارے دکھ اور تکالیف ہمیں خود ہی برداشت کرنے ہیں ہمارے خوشیاں بھی کیا خوشیاں ہیں بس بجھی بجھی سی خوشیاں جیسے اچانک ان خوشیوں کا سوئچ کوئی آف کردے گا۔
ہم نے بچپن سے پڑھا تھا کہ ہمارے آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عید والے دن ایک یتیم بچے کو روتے ہوئے دیکھا اس کے پاس آئے اسے پیا ر کیا اسے کہا کہ آج سے محمد تمہارے باپ اور عائشہ تمہاری ماں ہیں تو مجھے اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت بہت بڑھ گئی کیونکہ میرے ابو کے بعد کوئی ایک بھی اس دنیا میں ایسا نہیں ملا جس نے میرے سر پر ہاتھ رکھا ہو اور مجھے اپنے بٹھا کر محبت سے میری بات سنی ہو میری مشکل میں مدد کی ہو نہیں ایسا کوئی نہیں اس ملک میں کروڑوں مسلمان ہیں ایک دوسرے اس بات پر لڑ پڑتے ہیں کہ ہم اپنے آقا محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتے ہیں لیکن انہوں نے جس طرح لوگوں سے حسن سلوک کیا اس کا شائد انہیں پتہ ہی نہیں ۔لیکن میں نے تو عہد کیا ہے کہ میں ضرور اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسا بننے کی کوشش کروں گا آپ سب میرے لیے دعا کرنا کہ میں کبھی کسی یتیم کو نہ دھتکاروں اپنے پر بیتنے والی یاد رکھوں ۔ اپنے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے ہر ضرورت مند کی ضرورت عزت سے اور جذبۂ تشکر سے پوری کروں ۔ آخر اس دنیا میں کوئی تو ایسا بننے کی کوشش کرے نا جس سے سب خیر حاصل کریں۔
مجھے اپنی ایک اور کیفیت یاد آئی وہ بھی میں آپ سے بیان کرنا چاہوں گا ۔ واللہ آپ میرے لیے ضرورت ہدایت کی دعاء کرنا ۔
جب شیطان مجھے گمراہ کر کے مجھ سے کوئی گناہ کروا لیتا ہے تو اللہ رب العزت کی رحمت سے نادم ہوتا ہوں اللہ سے معافی مانگتا ہوں لیکن دل میں تسلی نہیں ہوتی خیال آتا ہے کہ کوئی ایسا ہو جس سے اپنا حالِ دل بیان کروں سب کچھ کہہ دوں اسے اور وہ مجھے اللہ کی رحمت کی امید دلا کر اس کی طرف آنے کا راستہ بتائے ۔ میرے لیے دعاء کرے کہ ائے میرے رب اپنے اس بندے کی خطاؤں سے دگزر کر اور اسے بخش دے لیکن مجھے کوئی ایسا بندہ نہیں ملتا جسے میں یہ کہوں تو وہ میرا پردہ بھی رکھے اور میرے لیے اللہ سے دعاء بھی مانگے مجھے حوصلہ بھی دے اللہ کی رحمت کی امید بھی دلا ئے ۔ ایسا تو صرف میرا روحانی باپ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی نظر آتے ہیں پھر بڑا یاد کرتا ہوں انہیں میں نے چند دن پہلے اپنے آقا کی ایک حدیث سنی ہے اس کا مفہوم یہ ہے صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین سے فرمایا کہ تمہارے لیے ایک گنا اجر ہے اور بعد والوں کے لیے 7 گنا اجر ہے ۔ کہا! کہ تم لوگ مجھے دیکھ کر ایمان لائے ہوں لیکن بعد والوں کےلیے تو مجھ پر ایمان بھی غیب پر ایمان ہے۔ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ۔ اللہ سے ایمان کی سلامتی ، 7 گنا اجر والے اور شکر گزار لوگوں میں شمولیت مانگتا ہوں ۔
تو میرے دوستو ! میری تو اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت تھوڑی سی ہے اس کو بڑھانے کا خواہشمند ہوں میری مدد کریں اور میرے لیے دعا ء بھی کریں۔
شائد یہ تحریر بے ڈھنگی ہو لیکن تصنع کے بغیر تحریرمیں کچھ خامی تو ہوگی نا ۔ نہ جانے کیوں بڑے دنوں سے دل چاہ رہا تھا کہ آپ لوگ جو میرا بلاگ پڑھتے ہیں ان سے اپنے دل کی باتیں کروں پھر جذبات میں یہ سب کچھ ٹائپ کر گیا اگر کسی کو اس میں کچھ اچھا لگے تو وہ خود بہت اچھا ہے ۔

السلام علیکم
غالباََ آپ کا نام ماجد ہے اس لیے آپ کو ماجو کہتے ہیں اگر نام کوئی اور ہے تو بتا دیجئے گا شکریہ
بھائی زندگی میں ایسے بہت سے واقعیات ہوتے ہیں جن کو انسان برداشت نہیں کر سکتا لیکن وقت ایک ایسا مرہم ہے جو ہر تلخی اور ہر مشکل وقت کو سہنے کا مرہم لگا دیتا ہے۔ پہلے تو آپ کے والد صاحب کے بارے میں سنا کہ چار سال پہلے قتل کر دیے گے سن کر افسوس ہوا والدین کا سایہ بہت بڑی چیز ہے اللہ تعالیٰ جن کے والدین سلامت ہیں ان کے والدین کو سلامت رکھے اور آپ کے والد صاحب کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
جہاں تک محفلِ میلاد کی بات ہے تو بہت سے لوگ اس سے اختلاف کرتے ہیں اور وہ اختلاف کر سکتے ہیں ہم کسی کو زبردستی محفل منعقد کرنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔ میں جب پاکستان میں تھا تو میں بھی اس ماہ میں بہت متحرک ہوا کرتا تھا لیکن آج کل ابوظہبی میں ہوں اور یہاں کوئی ایسا سلسلہ نہیں ہے پھر بھی میں نے اپنے بلاگ پر کوشش کی ہے کہ میلاد کا سا ماحول رہے۔ باتیں تو آپ نے بہت سی کی ہیں لیکن آپ نے جو کہا کہ آپ بھی آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسا بننا چاہتے ہیں تو میرا آپ کو یہی مشورہ ہے کہ آپ ان کی سنت پر چلنے کی کوشش کریں۔ اور مجھے امید بھی یہی ہے کہ آپ پوری کوشش کر رہے ہونگے کیونکہ آپ کی سوچ سے ہی ایسا لگ رہا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو کامیاب فرمائے آمین
کوئی بھی کام نیک نیت سے کیا جائے تو وہ جلد تکمیل تک پہنچتا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو کامیاب فرمائے آمین
معافی چاہتا ہوں نام تو آپ کا انیس رحمان لکھا ہوا ہے
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
جی میرا نام محمد انیس الرحمٰن ہے ۔ بارک اللہ
بہت شکریہ نصیحت اور دعاؤں سے نوازنے کا۔
جہاں دل رويا آپ کے والد کا واقعہ پڑھ کر وہاں مسرت بھی ہوئی کہ ايک باورچی يا چوکيدار جسے لوگ بہت چھوٹا سمجھتے ہيں [ميں چھوٹا نہيں سمجھتا بلکہ ميں نے ہميشہ اپنے دفتر کے چپڑاسی کا بھی احترام کيا ہے] کا بيٹا ماشاء اللہ کيسی اچھی تحرير لکھتا ہے ۔ آپ نے بدعت کی بات کی ۔ بدعت محفل نہيں ہوتی بلکہ کچھ لوگ محفل ميں بدعت کا ارتکاب کرتے ہيں
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اللہ رب العزت آپ کی مغفرت فرمائیں اور ایمان میں اضافہ فرمائیں!
الحمد للہ اس دنیا میں نیک لوگ موجود ہیں